وزیر اعظم کے لندن جانے کا مقصد علاج کرانا ہے،رانا تنویر

شائع 16 اپريل 2016 01:10pm
rana-tanveer فائل فوٹو

لاہور:وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر کہتے ہیں وزیر اعظم نواز شریف علاج کی غرض سے لندن گئے ہیں، مگر عمران خان کا کوئی اور ہی ایجنڈا ہے۔

لاہور چیمبر آف کامرس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس میں وزیر اعظم نہیں ان کے بچوں پر الزام لگایا گیا ہے۔ بعض اوقات بچے والدین کی مرضی کے خلاف بزنس کرتے ہیں۔ جب تحقیقاتی کمیشن بنے گا تو پیسے کا سورس بھی واضح ہو جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کی وزیر اعظم کے لندن جانے کا مقصد علاج کرانا ہے، البتہ عمران خان کسی اور ایجنڈے پر گئے ہیں۔ عمران خان کو بھی شوکت خانم کے فنڈز آف شور کمپنیوں میں انویسٹ کرنے کا حساب دینا چاہیے۔

وفاقی وزیر دفاعی پیداوار کا مزید کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے زیر استعمال پی سی ایس آئی آر کی بنائی بلٹ پروف جیکٹس کے غیر معیاری ہونے کی تحقیقات کرائی جائیں گی۔