آج ٹی وی کے سی او او شہاب زبیری سے علماء کے وفد کی ملاقات

اپ ڈیٹ 18 جون 2016 05:50pm

aaj_image
کراچی :آج ٹی وی کے چیف آپریٹنگ آفیسر شہاب زبیری سے کراچی میں علماء کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ انہوں نے عالمی تحفظ ختم نبوت کی خدمات کو سراہتے ہوئے علماء کرام کو ادارے کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

جے یو آئی کے نائب صوبائی امیر قاری عثمان، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے جنرل سیکریٹری رانا محمد انور اور عالمی مجلس ختم نبوت کے مبلغ مولانا قاضی احسان اور دیگر رہنماؤں نے آج ٹی وی کے گروپ سی او او شہاب زبیری سے ملاقات کی۔

اس موقعے پر علمائے کرام نے حمزہ علی عباسی سے متعلق پروگرام پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جس پر شہاب زبیری نے انہیں بتایا کہ آج ٹی وی انتظامیہ اور سینئر اسٹاف ختم نبوت اور ناموس رسالت کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں اور پیمرا کی ہدایت پر مکمل عمل کرتے ہوئے حمزہ علی عباسی کو فوری طور پر پروگرام سے الگ کردیا گیا ہے اور مستقبل میں مزید احتیاط کی یقین دہانی کرائی۔