اسلام آباد : ابتدائی سطح کے پاک افغان مذاکرات میں پیشرفت

شائع 20 جون 2016 10:33am
دونوں فریقین کاتیارکردہ تجاویز اعلی قیادت کو پیش کرکے انہیں حتمی شکل دینے پر اتفاق - فائل فوٹو دونوں فریقین کاتیارکردہ تجاویز اعلی قیادت کو پیش کرکے انہیں حتمی شکل دینے پر اتفاق - فائل فوٹو

اسلام آباد:تورخم بارڈر سے پیدا کشیدگی ختم کرنے کیلئے اسلام آباد میں ابتدائی سطح کے پاک افغان مذاکرا ت میں پیشرفت ہوئی ہے،دونوں فریقین نے تیارکردہ تجاویز اعلی قیادت کو پیش کرکے اسی ہفتے انہیں حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا ہے ۔

 پاکستان نے سرحدی انتظام پر بامقصد مشاورت کیلئے مناسب طریقہ کار طے کرنے پر زور بھی دیا ہے۔

دفترخارجہ کے مطابق، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور افغان مشیر قومی سلامتی حنیف اتمار کے درمیان گزشہ ہفتے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، اس کے نتیجے میں سرحدی انتظام کاری کے معاملے پر پاکستان اور افغانستان میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے ۔

 ان میں سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری اور افغانستان کے نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی نے اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کی، مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے اور ان میں واضح کیا گیا کہ دہشت گردی کی روک تھام ، امن کے فروغ کے ساتھ دونوں ممالک میں دوستانہ روابط مستحکم رکھنے کیلئے بھی سرحدوں پر مؤثر انتظام ناگزیر ہے۔

 مذاکرات میں دونوں فریقین نے اچھے ہمسائیگی تعلقات اور دوستانہ روابط کی بنیاد پر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا، سرحدی انتظام کے مسئلہ پر طے کیا گیا کہ جو تجاویز ان مذاکرات میں تیار ہوئی ہیں وہ دونوں ممالک کی قیادت کو پیش کی جائیں گی ۔

 اس کے ساتھ دوشنبے میں بدھ اور جمعرات کو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر مشیرخارجہ سرتاج عزیز اور افغان وزیرخارجہ کی ملاقات بھی ہوگی۔

 اس ملاقات میں سرحدی انتظام پر پیش کردہ تجاویز کو حتمی شکل دی جائے گی ، افغان نائب وزیرخارجہ نے سرتاج عزیز سے خیر سگالی کی ملاقات بھی کی ۔