حکومت چھوڑتے وقت کوئی داغ ندامت نہیں،ڈاکٹر عبدلمالک

شائع 24 دسمبر 2015 11:15am

abdulmalik

کوئٹہ:بلوچستان میں مری معاہدے کے تحت انتقال اقتدار کا عمل ثنا اللہ زہری کے وزیراعلیٰ بلوچستان کا حلف اٹھانے کے ساتھ مکمل ہو رہا ہے اور سیاسی وعدوں کی پاس داری کی عمدہ روایت بھی قائم ہوگئی۔

پاکستانی معاشرے میں سیاست دانوں اور سیاسی جماعتوں کے لیے عموماً یہ تاثر قائم ہے کہ معاہدوں سے پیچھے ہٹنا اور اپنے کہے پر عمل نہ کرنا ان کا وتیرہ ہے اور یہ سوچ کسی حد تک درست بھی ہے۔ اس کی بہترین مثال لندن میں ہونے والے معاہدے کی پیش کی جاسکتی ہے۔ جس پر پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے اتفاق کیا تاہم بعد میں معاہدے پر اس کی روح کے مطابق عمل نہیں کیا گیا۔

ایسے میں بلوچستان کے سیاسی رہنماوٴں نے پرامن انتقال اقتدار کی عمدہ مثال پیش کی ہے۔ڈاکٹر عبدالمالک ڈھائی برس تک بلوچستان کے وزیراعلیٰ رہے اور انہوں نے رواداری اور باہمی احترام کا رویہ پروان چڑھایا۔ڈاکٹر عبدالمالک کا کہنا تھا کہ حکومت چھوڑتے وقت کوئی داغ ندامت نہیں۔ ثنا اللہ زہری سے بھرپور تعاون کریں گے اور پرامن بلوچستان کا پیکج جاری رہنا چاہئے۔

بلوچستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ ثنا اللہ زہری نے بھی اسی طرح کے مثبت خیالات کا اظہار کیا ہے۔