دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے عالمی حکمت عملی درکار ہے ،راحیل شریف
فائل فوٹو
راولپنڈی :آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے دہشت گردی عالمی مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے عالمی حکمت عملی درکار ہے۔آرمی چیف کی جرمنی میں اہم ملاقاتیں جاری ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جرمن تھنک ٹینک کویئربر کا دورہ کیا۔جہاں آرمی چیف نے اپنے خطاب میں امور، پاکستان کو درپیش چیلنجرز ، خطے میں امن واستحکام کی راہ میں حائل مشکلات پر تفصیلی روشنی ڈالی ،جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی کیساتھ منطقی مراحل میں داخل ہو چکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک افغان سرحد تک قبائلی علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کیا، دہشت گردوں کے رابطوں ،نیٹ ورکس، سہولت کاروں اور ہمدردوں کو کیفرکردار تک پہنچایا گیا۔آرمی چیف نے کہا کہ انسداد دہشت گردی سے آگے کے مراحل طے کرنے کیلئے عالمی برادری کا تعاون درکار ہے۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف کسی بھی قوم سے زیادہ قربانیاں دی۔
آرمی چیف نے مزیدکہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے سوچ اور رویوں میں یکسانیت ضروری ہے اور واضح کردیا کہ حقیقی ثمرات کے حصول تک دنیا کو ہمارا ساتھ دینا ہوگا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جرمن وزیر خارجہ فرینک والٹر سٹین میئر سے ملاقات کی۔بیٹھک کے دوران دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور امن و استحکام پر بات چیت کی گئی۔جرمن وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کلیدی قربانیاں دیں، علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے، انھوں نے کہا کہ جرمنی علاقائی سلامتی اور امن کے اہداف کے حصول کیلئے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔