چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے بیٹے سے متعلق اہم پیشرفت

اپ ڈیٹ 23 جون 2016 10:09am
فائل فوٹو فائل فوٹو

کراچی:چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے مغوی بیٹے سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ،اغوا کار بیرسٹر اویس شاہ کو پاکستان کی حدود سے باہر نکال چکے ہیں، تاہم پولیس تاحال کسی قسم کا سراغ لگانے میں ناکام ہے  جبکہ غفلت برتنے پر 2پولیس افسران کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

 دوسری جانب اویس شاہ کے اغوا کا مقدمہ تھانہ کلفٹن میں درج کر لیا گیا۔بیرسٹر اویس شاہ کے اغواء کو تین روز بیت گئےنہ ناکہ بندیاں کارآمد ثابت ہوئیں اور نہ ہی شہر بھر میں ہونے والے سرچ آپریشنز میں کوئی کامیابی مل سکی ،پولیس سر توڑ کوششوں کے باوجود اویس شاہ کا کوئی سراغ نہیں لگا سکی۔

اب ذرائع کے مطابق خبر یہ ہے کہ اغوا کار اویس شاہ کو پاکستان کی حدود سے باہر لے جانے میں کامیاب ہو چکے ہیں،اویس شاہ کو اغوا کے روز ہی سندھ سے نکال لیا گیا تھا۔

ادھر مغوی اویس شاہ کی بازیابی کیلئے 8 رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہےگزشتہ رات اجلاس میں کئی گھنٹے بحث و تکرار کے باوجود ملزمان کے مقصد کا تعین نہ ہوسکا۔اجلاس میں شریک افسران اس بات پر بھی متفق نہیں کہ اویس شاہ کراچی میں موجود ہیں یا نہیں۔

ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے پولیس کو کئی روز قبل کلفٹن تین تلوار سے دو تلوار کے درمیان کارروائی کے خدشہ سے آگاہ کردیا تھاتاہم اس پر پولیس نے خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لیا اور غفلت برتنے پر ایس ایس پی ساوتھ اور ایس پی کلفٹن کو عہدوں سے ہٹا دیا،دونوں افسران کو سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

دوسری جانب چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے بیٹے کے اغوا کا مقدمہ رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے،مقدمہ کلفٹن تھانے میں نامعلوم افراد کیخلاف درج کیا گیا۔