آرمی چیف کے حق میں پوسٹرز اپوزیشن کو ڈرانے کی سازش قرار

شائع 12 جولائ 2016 04:55pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد:پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے آرمی چیف راحیل شریف کے حق میں پوسٹرز کو حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو خوفزدہ کرنے کی سازش قرار دے دیا۔

پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے اعتزاز احسن نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر آزاد کشمیر اور پوری دنیا میں کشمیریوں کو تشویش ہے لیکن وفاقی حکومت ایسی صورتحال میں آزاد کشمیر صورتحال بھی گھمبیر بنا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ آزاد کشمیر انتخبات پر اثر انداز ہونے کے لئے افسر شاہی کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے , ہویلی واقعے کی اب تک ایف آئی درج ہو سکی نہ ہے وزیر اعظم کے خط پر جوڈیشل کمیشن بن سکا. آزاد کشمیر الیکشن کمیشن وفاقی وزراء کو انتخابی ماحول خراب کرنے سے روکے۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ وہ پاناما پر حکومت کی مشکل آسان کرنا چاہتے ہیں جس کے لئے اپوزیشن کے ٹی او آرز کی بل کی شکل میں سینٹ و اسمبلی میں پیش کریں گے, انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو خوش ہونا چاہئے کہ ان کا اور ان کے خاندان کا احتساب سب سے پہلے ہوگا۔

پیپلز پارٹی رہنماء کا کہنا تھا کہ راحیل شریف کی تصاویر کے پوسٹر لگا کہ حکومت  اپوزیشن کو شیر آیا شیر آیا کہ کر ڈرا رہی ہے  تا کہ ہم پاناما تحقیقات سے ہٹ جائیں۔ اعتزاز احسن نے عمران خان کی شادی کے سوال پر کہا کہ مبارکباد نہیں دوں گا ابھی شادی کی تصدیق ہونا باقی ہے۔