پنجاب میں بارش،چھتیں گرنےسے2 افراد جاں بحق
فائل فوٹولاہور:پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔چنیوٹ اور حافظ آباد میں مکانوں کی چھتیں گرنے سے2افراد جاں بحق ہوگئےجبکہ سیالکوٹ میں برساتی نالے بھپرنے سے سیلابی پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔جس کے باعث شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں جبکہ مختلف مقامات پر چھتیں گرنے کے حادثات بھی پیش آئے ہیں۔
چنیوٹ میں بھی آج صبح 2گھنٹے لگاتار ہونیوالی بارش کے باعث گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ لاہور روڈ پر واقعے ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک بچی جاں بحق اور 4افراد شدید زخمی ہوگئے۔
حافظ آباد کے علاقہ کوٹ بیلا میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیاجبکہ قادر آباد کے مقام پر دریائے چناب میں نچلے درجے کے سیلاب کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
سیالکوٹ میں گذشتہ روز ہونے والی بارش سے شہر سے گزرنے والے نالہ ایک اور نالہ ڈیک بھپر گئے۔جس کے باعث سیلابی پانی نیکاپورہاورا اور دیگر علاقوں میں داخل ہوگیاجبکہ سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ،پنجاب کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔