اسلام آباد:حج کرپشن کیس، راو شکیل کی ضمانت منظور

شائع 28 جولائ 2016 03:00pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد:اسلام آباد ہائییکورٹ نے حج کرپشن کیس میں سابق ڈی جی حج راؤ شکیل سمیت سابق جوائنٹ سیکرٹری  آفتاب الاسلام کی درخواست ضمانت منظور کرلی ۔ عدالت نے دونوں مجرموں کو جرمانے کی رقم کے برابرضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد انورخان کاسی نے سابق ڈی جی حج راؤ شکیل اورسابق جوائنٹ سیکرٹری آفتاب الاسلام کی درخواست ضمانت پرمحفوظ شدہ فیصلہ سنایا ۔ دونوں مجرموں نے اسپیشل جج سینٹرل کی جانب سے دی جانے والی سزا کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائرکی تھی ۔

 دوران سماعت ملزمان کے وکلاء کی جانب سے استدعا کی کہ ہمارے موکل کو چھ ، چھ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی  ۔ تاہم چارسال جیل میں گزارے ۔ ان کی سزا پوری ہوچکی ہے۔ لیکن جرمانے کی رقم کی عدم ادائیگی کی صورت میں دوسال قید کی سزا رہتی ہے ۔ انکی سزائیں پوری ہوچکی ہیں ۔ سپیشل جج سینٹرل کا فیصلہ کالعدم قراردیا جائے اوراپیل پرفیصلے تک مجرموں کوضمانت پررہا کیا جائے ۔

 عدالت نے درخواست ضمانت منظورکرتے ہوئے جرمانے کی رقم کے برابر ضمانتی مطلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بیس جولائی کو سابق ڈی جی حج راؤ شکیل اوروزارت مذہبی امورکے سابق جوائنٹ سیکرٹری آفتاب الاسلام کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔