ماضی کی معروف اداکارہ شمیم آراء انتقال کرگئیں

شائع 05 اگست 2016 07:25am
shamim-ara معروف اداکارہ اور ہدایت کارہ شمیم آراء/فائل فوٹو

لندن:  پاکستان کی مشہور و معروف اداکارہ اور ہدایت کارہ شمیم آراء طویل علالت کے بعد لندن میں انتقال کر گئیں۔

شمیم آراء طویل عرصے سے لندن کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھیں ۔ ان کا انتقال پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6:15 بجے ہوا۔

شمیم آراء 1938 میں ہندوستان کے شہر علی گڑھ میں پیدا ہوئیں, ان کا اصل نام پتلی بائی تھا۔

 فلمی دنیا میں  وہ شمیم آراء کے نام سے مشہور ہوئیں،انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1950 سے کیا ،ان کی پہلی فلم ‘کنواری بیوہ’ تھی جو 1956 میں ریلیز ہوئی۔

شمیم آراء کو اپنی فلموں  بھابی  اورسالگرہ کی کامیابی پر بے حد پزیرائی ملی, اس کے علاوہ بطور ہدایتکارہ ان کی پہلی فلم ‘پلے بوائے’ تھی۔

شمیم آراء کی مشہور فلموں میں بھابی،سالگرہ،آگ کا دریا،سہیلی ،قیدی،نائلہ اور دیوداس  وغیرہ شامل ہیں۔