مقبوضہ کشمیر :ایک اور کشمیری شہید،شہداء کی تعداد تیراسی ہوگئی

شائع 19 اگست 2016 02:03pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

سرینگر:مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن نے ایک اور کشمیری کی زندگ ی کا چراغ گل کردیا ۔ بیالیس روز سے جاری تشدد کی لہر میں شہید کشمیریوں کی تعداد تیراسی ہوگئی ۔ اب بھارتی جارحیت کے نشانے پر میڈیا ہے۔

چناروں کی سرزمین بھارتی ظلم و جبر سے سلگ رہی ہے۔وادی کی ہر گلی میں شہید کشمیریوں کے لہو کی مہک ہے۔بھارتی بندوقوں سے نکلنے والی اندھی گولیوں نے ایک اور کشمیری سے جینے کا حق چھین لیا،شہید کشمیری ایمبولینس کا ڈرائیور تھا جو زخمیوں کو اسپتال منتقل کررہا تھا۔

تحریک آزادی کو دبانے کیلئے مزید دس ہزار فوجی مقبوضہ وادی میں تعینات کردیے گئے ہیں جبکہ دنیا کو بے خبر رکھنے کے لیے میڈیا سروس بھی بند کردی گئی ہےاور اب اخبار فروشوں کو بھی تشدد نشانہ بنایا جارہا ہے۔

کرفیو کے باعث عوام اپنے گھروں میں محصور ہیں اور خوراک کی قلت شدت اختیار کرتی جارہی ہے۔شہروں اور قصبوں میں دودھ، سبزیوں اور دوسری اجناس کی سپلائی کو بھی روکا جارہا ہے۔