متحدہ کیخلاف آپریشن، رینجرز اہلکار نائن زیرو میں داخل
فائل فوٹوکراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو میں رینجرز کی نفری بھاری تعداد میں داخل ہوگئی ہے۔ایم کیو ایم کیخلاف فیصلہ کن کریک ڈاون جاری ہے اور پہلے متحدہ کے رہنما عامر لیاقت کو آئی آئی چند ریگر روڈ سے حراست میں لیا تھا جس کے بعد نائن زیرو کے اطراف رینجرز کی بھاری نفری پہنچ گئی تھی۔
اب یہ نفری نائن زیرو میں داخل ہوگئی ہے اور اسکا کمیونیکیشن کا نظام بھی رینجرز حکام نے سنبھال لیا ہے ۔ آپریشن میں رینجرز اہلکاروں کی بڑی تعداد حصہ لے رہی ہے تاہم یہ اہلکار آپریشن کے دوران سیاہ نقاب پہنے ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق رینجرز اہلکار نائن زیرو کی تلاشی لے رہے ہیں اور ابتدائی طور پر تین افراد کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ان کارکنوں اور رہنماوں کو حراست میں لیا جائے گا جو کہ متحدہ قائد الطاف حسین کی تقریر کے دوران موجود تھے ۔
اس سے قبل رینجرز اہلکار متحدہ رہنماوں فاروق ستار اور اظہار الحسن کو اپنے ساتھ لے گئے تھے۔اطلاعات کے مطابق متحدہ رہنما فاروق ستار،خواجہ اظہار الحسن کے ساتھ کراچی پریس کلب پہنچے تو رینجرز اہلکاروں نے ان کو اپنے حصار میں لے لیا ،تاہم فاروق ستار کا موقف تھا کہ وہ عوام کو اپنے موقف سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں جس کے بعد وہ ان اہلکاروں کے ساتھ چلنے کیلئے تیار ہیں۔
لیکن رینجرز اہلکاروں متحدہ رہنما فاروق ستار کو ہیڈکوارٹر لے گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق فاروق ستار کے ساتھ اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ کراچی پریس کلب کے باہر پولیس کی ہوائی فائرنگ اور مبینہ طور پر متحدہ کے مشتعل کارکنان کے درمیان تصادم میں ایک شخص ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے تھے جبکہ اطراف کی مارکیٹ میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی تھی جس سے علاقے میں بھی شدید کشیدگی پھیل گئی تھی۔
دوسری جانب ترجمان رینجرز نے کہا ہے کہ متحدہ رہنماوں فاروق ستار اور خواجہ اظہار الحسن کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں رہنما پریس کانفرنس کیلئے پریس کلب پہنچے تھے۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔