امریکی سینیٹر کا آصف زرداری کو فون،پاک بھارت کشیدگی پر تبادلہ خیال

شائع 24 ستمبر 2016 08:04am

فائل فوٹو فائل فوٹو

واشنگٹن:امریکی سینیٹرجان مکین نے پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ،جس میں انہوں نے حالیہ ہونے والی پاک بھارت کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ٹیلیفونک رابطہ کے دوران پاک بھارت کشیدگی سے متعلق امور ، دوطرفہ تعلقات اوربین الاقوامی امورپرتبادلہ خیال کیا۔

آصف علی  زرداری نے جان مکین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ  پاکستان کیخلاف بھارتی پروپیگنڈا مقبوضہ کشمیر میں  جاری بھارتی مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

پاکستان،  کشمیری عوام کی خواہشات  اور مذاکرات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی جن لوگوں کی حمایت سے اقتدار میں آئے ان کو خوش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،ایسی پالیسی سے دونوں سرحدوں پر غیر ریاستی عناصر کو ہی فائدہ ہوگا۔

آصف علی زردرای کا کہنا تھا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے کبھی دہشت گردی کی حمایت نہیں کرتا،واضح رہے کہ بات چیت کے دوران جان مکین نے دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔