بھارت نے کشمیر میں بربریت کی انتہا کردی، آرمی چیف

اپ ڈیٹ 06 اکتوبر 2016 10:16am
جارحیت مسلط ہوئی تو بھارت کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے،راحیل شریف - فائل فوٹو جارحیت مسلط ہوئی تو بھارت کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے،راحیل شریف - فائل فوٹو

رسالپور:آرمی چیف جنرل راحیل شریف کہتے ہیں بھارت نے کشمیر میں بربریت کی انتہا کردی،عالمی برادی اس کا نوٹس لے۔

رسالپورمیں پاک فضائیہ کی کیڈٹس پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فضاؤں پر راج کرنے والے قوم کے سپوتوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کا کوئی ثانی نہیں ہے۔

جنرل راحیل شریف نےکہنا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہےلیکن جارحیت مسلط ہوئی تو بھارت کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے،مادروطن کے دفاع کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔

آرمی چیف نے بھارت کو بھی خبردار کردیا کہا کہ دشمن کبھی بھی جارحیت یااسٹریٹیجک اسٹرائیک کی غلطی نہیں کرے گالیکن اگر ایسی حماقت ہوئی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

سپہ سالار کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمن اس کی ترقی سے جل رہے ہیں،ان کی کوشش ہے کہ کامیابیوں کے اس رخ کو موڑ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ملک کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں۔

بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں بربیت کی انتہا کردی،پڑوسی ملک حقائق کو مسخ کر کے پاکستان کیخلاف سازشیں کررہا ہے،عالمی برادری مقبوضہ کشمیراورکنٹرول لائن پر جارحانہ بھارتی اقدامات اورجنگی جنون کا نوٹس لے۔

آرمی چیف نےکہا کہ پاکستان  ایک ذمہ دار ملک ہے جو تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کامیابیاں پوری قوم اور اسکی بہادر افواج کے سر ہے۔