سلامتی امور پر میڈیا کو مفروضوں سے گریز کی ہدایت  

شائع 10 اکتوبر 2016 01:41pm
File Photo File Photo

اسلام آباد: سول اور عسکری قیادت نے میڈیا کو سلامتی امور اور ریاستی مفادات سے متعلق خبروں میں مفروضوں سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیراعظم نے قومی انگریزی روزنامہ میں ایسی ہی ایک خبر شائع کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی میٹنگ ہوئی۔ اس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، چودھری نثار علی، وزیراعلی پنجاب شہبازشریف اور ڈی جی آئی ایس آئی شریک ہوئے۔

 اجلاس میں قومی اورعلاقائی سلامتی امور کا جائزہ لیا گیا ۔ قومی سلامتی سے متعلق گزشتہ ہفتے کے ایک اجلاس کے بارے میں انگریزی اخبار کی من گھڑت رپورٹ پرتشویش کا اظہارکیا گیا ۔ اجلاس میں متفقہ موقف اختیار کیا گیاکہ اس نیوزرپورٹ میں سلامتی امور پر عالمی صحافتی ضابطوں کی خلاف ورزی کی گئی ۔ اس رپورٹ میں حقائق کے برخلاف باتیں تحریر کرکے ریاست کے اہم مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش بھی کی گئی ۔

 شرکاء نے اتفاق کیا کہ میڈیا قومی سلامتی اور ریاستی مفادات سے متعلق رپورٹنگ میں مفروضوں سے اجتناب کرے ، وزیراعظم نے صحافتی اصولوں کی خلاف ورزی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ذمے دارافراد کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی کی ۔

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیاگیاکہ دہشت گردی کے خلاف فوج اور خفیہ ادارے نمایاں کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ اس عمل میں تمام فریقین کے اتفاق رائے سے بلا امتیاز کاروائی کرتے رہیں گے۔