لوگ زکوۃ کی رقم بھی کھاجاتے ہیں، اسحاق ڈار
File Photoاسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بالواسطہ طور پر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ صدقہ اور زکوۃ کی رقم کھاجاتے ہیں۔
اسلام آباد میں فیڈریشن آف پاکستان ایوان ہائے صنعت وتجارت کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی سے ہمیشہ تعلق رہا ہے اور رہے گا،سال دوہزار تیرہ میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے کی پیش گوئی کی جارہی تھی۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ اقتدار میں آتے ہی سولہ سولہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا تھا جوکہ کم ہوگیا ہے جبکہ زر مبادلہ کے ذخائر تاریخ میں بلند ترین سطح تک پہنچائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مشہور تھا کہ اصلاحات میں دو قدم کے بعد بھاگ جاتا ہے،موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف کی بارہ اصلاحات مکمل کیں۔ انہوں نے وی وی آئی پیز کو ٹیکس فری گاڑی درآمد کرنے کی پابندی لگانے کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ حکومت نے معیشت کے لیے مشکل فیصلے کیے اور مراعات یافتہ پر بھی ٹیکس لگائے۔
وزیر خزانہ نے الزام عائد کیا کہ لوگ تو صدقہ اور زکوۃ کے پیسے بھی کھا جاتے ہیں,اگر قسمت میں نہیں تو مت جلو مت سڑو ،اپنے آپ کو مت تباہ کرو۔
انہوں نے دہشت گردی کی وجہ سے ملک کو سو ارب ڈالر سے زیادہ نقصان پہنچنے کا بھی دعویٰ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے جون میں شہروں میں صرف تین گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوگی۔ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ دیہات میں صرف چار سے پانچ گھنٹےتک لوڈ شیڈنگ رہ جائے گی۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔