عالمی برادری امن کیلئے مسئلہ کشمیرکے حل میں کردارادا کرے،سرتاج عزیز

اپ ڈیٹ 25 اکتوبر 2016 06:11am
فائل فوٹو فائل فوٹو

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو دنیا میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

اسلام آباد میں تصویری نمائش کی تقریب میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی شدید مذمت کی اور اپنا تحقیقاتی مشن کشمیر بھیجنے کی پیشکش کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور وہ خطے میں قیام امن کیلئے کام کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کرے گا جو آئندہ ماہ بھارت کے شہر امرتسر میں ہوگی۔

اس سے قبل سرتاج عزیز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کشمیریوں کے نصب العین کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلے موثر سفارتی مہم شروع کی ہے۔