پوری دنیا میں شہرت حاصل والی 'افغان لڑکی' گرفتار

شائع 26 اکتوبر 2016 11:10am
فائل فوٹو فائل فوٹو

پشاور:80 کی دہائی میں دنیا بھرکو اپنی آنکھوں سے سحر میں مبتلا کرنے والی شربت گلہ کو جعلی شناختی کارڈ رکھنے کے الزام میں پشاور سے گرفتار کرلیا گیا، عدالت نے انہیں ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا ہے۔

 شربت کو جعلی شناختی کارڈ بناکردینے والے تین روپوش نادرا اہلکاروں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

خیال رہے کہ ہیرے کی طرح چمکتی سبزآنکھیں، تاثرات سے عاری، لیکن دنیا کے 100بہترین چہروں میں سے ایک چہرہ، 80 کی دہائی میں افغان لڑکی کے نام سے مشہورشربت گلہ کی تصویرنے دنیا بھرمیں تہلکہ مچادیا تھا۔

افغان لڑکی کے نام سے مشہورخاتون کو 1985 میں نیشنل جیوگرافک میگزین نے اپنے سرورق پرشائع کیا یہ تصویر پشاور کے ایک افغان کیمپ میں بنائی گئی تھی۔

شربت گلہ کو مونا لیزا کی مشہورپینٹنگ جیسا بھی قراردیا جاتا ہے 2002 میں فوٹوگرافر اسٹیومیکری نےدوبارہ شربت کا سراغ ڈھونڈ نکالااورایک بار پھر17 سال بعد پُرکشش آنکھوں والی یہ لڑکی جو اب خاتون بن چکی تھی سامنے آئی۔

اور اب 14 سال بعد ایک بار پھرشربت گلہ خبروں کی زد میں ہے، لیکن اس بارشربت اپنی جعلسازی کی وجہ سے خبروں کی زینت بنیں، 40سالہ شربت گلہ کو پاکستان کا جعلی شناختی کارڈ رکھنے کے جرم میں پشاور سے گرفتارکرلیا گیا ہے،ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ شربت کا تعلق افغانستان سے ہے اور اس نے جعلی کاغذات پر پاکستانی شناختی کارڈ بنوا رکھا تھا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق افغان لڑکی کی تحویل سے پاکستانی اورافغانی دونوں شناختی کارڈحاصل کیے گئے ہیں، شربت گلہ کو آج عدالت کے روبرو پیش کیا گیا جہاں انہیں دوروزہ جسمانی ریمانڈ پرایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے۔