عمران خان ملکی ترقی روکنا چاہتے ہیں، شہباز

شائع 26 اکتوبر 2016 02:40pm
File Photo File Photo

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کے غبارے سے ہوا نکل گئی، ترقی کا سفر روکنے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو کوئی بہانا چاہیئے۔

لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گیس پراجیکٹس میں ایک سو بارہ ارب سے زائد بچائے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے بھی دھرنے سے سی پیکس کا منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا تھا۔

شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ عمران خان ملکی ترقی کو روکنا چاہتے ہیں اس کیلئے ان کو کوئی بہانہ چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاناما لیکس کے غبارے سے اب ہوا نکل چکی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ  اب کہا جارہا ہے کہ جاوید صادق میرا فرنت مین ہے اورجاوید صادق کی تصاویر بھی دکھائی گئی۔ شہباز شریف نے اپنے اوپر عمران خان کی جانب سے لگائے گئے کرپشن کے الزامات کو رد کیا اور کہا کہ ان پر جتنے الزامات لگائے گئے آج تک اسکا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

اس سے قبل عمران خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شہباز شریف پر الزام عائد کیا تھا کہ جاوید صادق شہباز شریف کا فرنٹ مین ہے اور یہ اربوں روپے کی کرپشن کررہا ہے۔