تحریک انصاف کو 2 نومبر کو اسلام آباد بند کرنے سے روک دیاگیا

اپ ڈیٹ 27 اکتوبر 2016 08:05am
ضلعی انتظامیہ عمران خان کومخصوص جگہ پرجلسے کی پابند کرے،عدالت - فائل فوٹو ضلعی انتظامیہ عمران خان کومخصوص جگہ پرجلسے کی پابند کرے،عدالت - فائل فوٹو

اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ نےپاکستان تحریک انصاف کو2نومبر کواسلام آباد بند کرنے سے روک دیا ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دھرنا روکنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی سیکریٹری داخلہ ، چیف کمشنراورآئی جی عدالت میں پیش ہوئے ۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے  آئی جی پولیس پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  آئی جی اورچیف کمشنرنے اب تک کیا انتظامات کئے ہیں  ، ضلعی انتظامیہ  کیا اب تک سوئی ہوئی ہے ۔

 جسٹس شوکت صدیقی نے حکم دیا کہ ضلعی انتظامیہ عمران خان کومخصوص جگہ پرجلسے کی پابند کرے،احتجاج کے نام پر شہریوں کے حقوق متاثر نہیں ہونے دیں گے۔

جسٹس شوکت عزیزنے کہا کہ امپائرصرف پاکستان کی عدالتیں ہیں سب کو کلئیرکردیں ،کوئی کنٹینرنہیں لگے گا ۔

 پیمرا حکام نےعمران خان کی تقریرکا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا،عدالت میں پروجیکٹرلگا کرعمران خان  کی تقاریر سنائی گئیں گھن گھرج سننے کے بعد عدالت نے عمران خان کو بھی 31 اکتوبرکو عدالت میں طلب کرلیا ہے  ۔

 جسٹس شوکت عزیز نے کہا عمران خان آ کربتائیں کس قانون کے تحت اسلام آباد بند کرسکتے ہیں ؟  مقدمے  کی آئندہ سماعت 31 اکتوبر  کو ہوگی۔