عمران خان کی کارکنوں کو آج ہر صورت بنی گالا پہنچنے کی ہدایت

شائع 31 اکتوبر 2016 06:20am
 فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد:چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کارکنوں کو آج ہر صورت  بنی گالا پہنچنے کی ہدایت کر دی۔

بنی گالہ میں کپتان نے مبینہ محصوری کے تیسرے دن  3نیوزبریفنگز کرڈالیں، صبح میڈیا کے سامنے آئے اور کارکنوں کو بنی گالہ پہنچنے کی دعوت دی۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت انتقامی کارروائیاں کررہی ہے، یہ عدلیہ کا امتحان ہے،عدلیہ کا ٹرائل ہورہا ہے، اسکی ساکھ داؤ پر لگی ہے، پیرکو ہم پھر عدالت کا ٹیسٹ لیں گے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کے جرم کو بچانے سے سرکاری وسائل کا اندھادھند استعمال ہورہا ہے، انہیں بنی گالہ محصور کرنے والے سوچ لیں، 2نومبر کو نہیں تو پھر جس دن بھی موقع ملا وہ باہر آئیں گے اور وزیراعظم کا پیچھا کرتے رہیں گے  ۔

عمران خان نے کہاکہ بھارت چاہتا ہے کہ پاکستان کے صوبے الگ ہوں، حکمران بھی امین اللہ گنڈاپور کو گرفتار کرکے صوبائیت بڑھا رہے ہیں۔

عمران خان نے سیکیورٹی لیکس خبر پر وزیراطلاعات کی برطرفی کا اقدام وزیراعظم کو بچانے کو کوشش قرار دیا اور کہاکہ اس کے پیچھے بھی وہی ہیں جنہوں نے اڑھائی سال قبل ایک چینل سے ملکر آئی ایس آئی چیف کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔