"رئیس" کی ریلیز ایک بار پھر خطرے میں

شائع 12 جنوری 2017 09:01am

srk2

ممبئی:کنگ خان کی فلم "رئیس"کی ریلیز ایک بار پھر خطرے میں پڑ گئی ہے،فلم میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی موجودگی کے باعث بھارتی ریاست چھتیس گڑھ  کے سینما مالکان کو ہندوانتہا پسند تنظیم شیو سینا  کی جانب سے دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق چھتیس گڑھ کے تمام سینما مالکان کو ایک دھمکی آموز خط موصول ہو اہے جس میں شیو سینا نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فلم رئیس  کی نمائش کی گئی تو نتائج کے ذمہ دار خود ہوں گے۔

اکشے راٹھی(بھارتی سینما مالکان کے سربراہ)کا کہنا تھا کہ خط میں لکھی تحریر کے مطابق  کسی بھی سینما میں دیش دروہی(غدار)کی فلم نہ دکھائی جائے،خط پر راکیش شیندے(چھتیس گڑھ میں شیو سینا کے سربراہ)کے دستخط بھی موجود تھے،اور تاریخ 5 جنوری درج تھی۔

سنجیدہ معاملہ ہونے کے باعث اکشے راٹھی اور دوسرے پروموٹرز نے  پولیس  میں رپورٹ درج کروانے کے ساتھ  ریاست کے وزیر اعلیٰ  سے بھی مدد لینے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ فلم کی ریلیز میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل عامر خان کی فلم "پی کے"کی ریلیز کے وقت بھی  ایک سینما کو انتہا پسندوں نے نشانہ بنایا تھا اور تقریباً 6 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس ہونے والی پاک بھارت کشیدگی کے باعث ہندو انتہا پسندوں نے پاکستانی فنکاروں کا بھارت میں جینا مشکل کردیا تھا  اور انہیں بھارت چھوڑنے کی دھمکی دی تھی۔

کنگ خان کی رئیس کو بھی ریلیز کی اجازت اسی لیے دی گئی کہ انہوں نے وعدہ کیا تھا وہ اب مزید کسی پاکستانی فنکار کے ساتھ کام نہیں کریں گے۔

بشکریہ:انڈین ایکسپریس