Aaj News

پیر, مئ 13, 2024  
04 Dhul-Qadah 1445  

سشمیتا سین اب مس یونیورس کی جج

شائع 23 جنوری 2017 05:20am

sush

انڈیا کی سابق ملکۂ یونیورس اور بولی وڈ اداکارہ سشمیتا سین نے بتایا ہے کہ وہ سنہ 2017 کے مس یونیورس مقابلوں میں بطور جج حصہ لیں گی۔

خیال رہے کہ انہیں فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں 23 سال قبل سنہ 1994 میں مس یونیورس کا تاج پہنایا گیا تھا۔

انہوں نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اس خبر کی تصدیق کی ہے اور 23 سال بعد اسی جگہ جانے پر اپنے جذبات پر قابو رکھنے سے قاصر نظر آ رہی ہیں جہاں انہیں کائنات کی حسین ترین دوشیزہ کا تاج پہنایا گيا تھا۔

انہوں نے لکھا: 'جھومتے دل کے ساتھ وہاں جانے کی تیاری کر رہی ہوں۔ میں بہت پرجوش ہوں اور 23 سال بعد فلپائن کے اسی گھر لوٹنے پر اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ پا رہی ہوں۔‘

انہوں نے اپنے انسٹا گرام پر لکھا: یہ وہی جگہ ہے جہاں سنہ 1994 میں سب کچھ شروع ہوا تھا اور اس کے ساتھ انہوں نے مس یونیورس 1994 کو ہیش ٹیگ کیا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا: 'زندگی نے اپنا چکر پورا کر لیا ہے۔ پہلے مس یونیورس کا خطاب جیتنا پھر اس کی انڈین فرینچائز لینا اور پھر ایک جج کی حیثیت سے 65 ویں مس یونیورس کے لیے منیلا جانا۔ میں اپنے تمام چشم براہ فلپائنی دوستوں کو اب یہ کہہ سکتی ہوں کہ ہاں یہ مصدقہ ہے۔ ہاں! میں آ رہی ہوں! محل کیتا فلپائن جلد ہی تمہیں دیکھوں گی۔'

انڈیا کی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق رواں سال انڈیا کی جانب سے اس مقابلۂ حسن میں روشمیتھا ہری مورتھی شرکت کر رہی ہیں۔ اور مس یونیورس کا یہ مقابلہ رواں سال 30 جنوری کو ہو رہا ہے۔

بشکریہ:بی بی سی اردو

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div