لاہورہائی کورٹ:بھارتی فلموں کوپاکستانی چینلزپرنمائش کی اجازت مل گئی

شائع 14 فروری 2017 08:59am

kabil

لاہور:لاہور ہائی کورٹ نے  پاکستانی نجی چینلز  کو پیمرا(پاکستان الیکٹرانک میڈیا  ریگولیٹری اتھارٹی )کی  شرائط پر  بھارتی فلمیں نشر کرنے کا لائسنس جاری کردیا ہے۔

مقامی جریدے کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ   نے   پیمرا کی ایک رپورٹ  کے تحت اسٹیبلش اور آپریٹ سیٹلائٹ ٹی وی  براڈ کاسٹ  چینل اسٹیشن کی شق نمبر 7.2 کے تحت  یہ اجازت دی۔

چیف جسٹس نے اس حوالے سےلیو کمیونی کیشن کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کی گزشتہ ہفتے ہونے والی سماعت پرایک تحریری  آرڈر جاری کیا  تھا ،درخواست  میں پاکستانی ٹی وی پر بھارتی مواد  کی براڈ کاسٹنگ  پر پابندی  کو چیلنج کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ پیمرا کے آرڈینس 2002  کی تمام شرائط وضوابط کو مد نظر رکھ کر لائسنس جاری کیا گیا ہے،درخواست گزاروں کے وکیل  نے اس بات پر بھی بحث کی تھی کہ  چینلز کو بھارتی ڈرامے دکھانے  کی اجازت بھی دی جائے کیونکہ لائسنس کے مطابق  یہ بھی اینٹرٹینمنٹ کے زمرے میں آتے ہیں۔

تاہم پیمرا کے وکیل  کا کہنا تھا کہ  اینٹر ٹینمنٹ میں بھارتی ڈرامے  شامل نہیں ،لہٰذا  لائسنس کے مطابق صرف بھارتی فلموں کی نمائش کی اجازت ہوگی۔چیف جسٹس نے   سماعت 2 مارچ تک ملتوی کردی ہے۔