'شہرت ملنا آسان،برقراررکھنا مشکل'

شائع 24 فروری 2017 06:41am

shahid

ممبئی:بہترین رقص کے لیے مشہور بولی وڈ کے معروف اداکار شاہد کپور  کا کہنا ہے کہ آج کی تاریخ میں اسٹار بننا آسان ہے لیکن اس اعزاز کو سنبھال کر رکھنا بہت ہی مشکل ہے۔

بی بی سی اردو کے مطابق  شاہد کپور نے کہا کہ  'موجودہ دور میں سوشل میڈیا کے  ذریعے کوئی بھی اسٹار بن سکتا ہے ،لیکن لوگ ایک ہی چیز دیکھ کر بور ہوجاتے ہیں لہٰذا شہرت برقرار رکھنے کے لیے منفرد چیزیں کرتے رہنا ضروری ہے ،آج کے دور میں مقبولیت کے پیچھے بھاگنے سے کام نہیں چلتا۔

انہوں نے  اپنے گھر اور بیٹی میشا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ  مصروفیت کے باعث  وہ بیٹی کو وقت نہیں دے پاتے ،اس کے علاوہ انہوں نے  فلم 'رنگون'کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ فلم کے ہدایت کار وشال بھردواج  نے انہیں سیٹ پر زیادہ اہمیت نہیں دی لیکن  انہیں کوئی شکایت نہیں کیونکہ ڈائریکٹر ہونے کے باعث  وہ کئی چیزوں میں الجھے ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ شاہد کپوراور وشال بھردواج کی یہ ایک ساتھ تیسری فلم ہے اس سے قبل یہ دونوں فلم 'کمینے'اور 'حیدر'میں کام کرچکے ہیں۔

یاد رہے کہ فلم 'رنگون'24 فروری 2017 یعنی آج ریلیز ہورہی ہے فلم میں شاہد کے ساتھ کنگنا رناوت اور سیف علی خان اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔