Aaj News

جمعہ, جون 14, 2024  
07 Dhul-Hijjah 1445  

!!!بس کردو بس

شائع 04 اپريل 2019 12:16pm
وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر-فائل فوٹو وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر-فائل فوٹو

تحریر: کاشف فاروقی

عوام سے جھوٹ نہیں بولوں گا، تنخواہ نہیں لوں گا، قرض نہیں لوں گا، بجلی، گیس، پیٹرول اور اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوگی، بیرون ملک سے لوگ نوکری کی تلاش میں پاکستان آئیں گے، ڈالر کی قیمت نہیں بڑھنے دیں گے، ٹیکس چوروں کیلئے کوئی ایمنسٹی اسکیم نہیں لائی جائے گی۔ ملک سے چوری کیا گیا پیسہ واپس لایا جائے گا۔

بیرون ملک سے ذلفی بخاری نوکری کرنے آگئے، تنخواہ کی سلپ خود ٹوئٹ کردی۔ ڈالر کی قیمت روز بڑھ رہی ہے۔بجلی، گیس، پیٹرول اور اشیائےضروریہ کی قیمتیں ہر ماہ بڑھ رہی ہیں اور ایمنسٹی اسکیم بھی آنے والی ہے۔ تو سوال یہ ہے کہ عوام سے جھوٹ ہی بول رہے تھے نا؟؟؟

مہنگائی کا ذمہ دار اسد عمر کو ذمہ دار قرار  نہیں دیا جاسکتا یہ سب وزیر اعظم عمران خان کی کھاتے میں آئے گا۔غلطی اسد عمر کی نہیں بلکہ ان پر  اندھا اعتماد کرنے والوں کی ہے۔  بیرون ملک سے پڑھ کر زرعی ملک میں کھاد بنانے والا ادارہ چلانا کیا کمال ہوا؟ وزارت خزانہ سنبھالی تو آٹے دال کا بھاؤ پتہ چلا۔ پیٹرول کی قیمت آٹھ ماہ میں سو روپے تک پہنچا دی ہے۔ اس سے پہلے ادویات کی قیمتیں دگنی کی جاچکی ہیں۔ڈالر 145 تک پہنچ چکا اور خبر ہے کہ جون تک 150 تک جائے گا مگر انتخابی تقاریر میں ڈالر کی قیمت 130 روپے تک پہنچنے پر واویلا کرنے والے عمران خان خاموش ہیں اور ان کے لاڈلے اسد عمر ہیں کہ بس کرنے کا نام ہی نہیں لے رہے۔

اسد عمر کے حالیہ بیانات سن کر ان کی شکل میں پولیس کا چھتر دکھنے لگا ہے جس پر لکھا ہوتا ہے "آجا میرے بالما تیرا انتظار ہے"۔

اسد عمر صاحب نے پھر کہا ہے کہ عوام انتظار کریں ابھی بہتری آنے میں مزید کچھ وقت لگے گا۔ جناب وزیر خزانہ عوام کی بہتری کو چھوڑیں اپنی فکر کریں اسحاق ڈار نے آپ کو ڈالر کی قیمت کم کرنے کا چیلنج دے دیا ہے۔ چیزیں بہت تیزی سے آپکے ہاتھ سے نکلتی جارہی ہیں۔

عوام جانتے ہیں کہ ملک اور بیرون ملک رہنے والے وہ تمام افراد اور ادارے آپ کے ساتھ ہیں جن پر آپ کے اقدامات سے کوئی اثرنہیں پڑتا لیکن خدارا وہ وقت نہ آنے دین کہ جن چھ، سات کاندھوں پر آپ کی حکومت کھڑی ہے انہیں پھر کہیں سے اشارہ ملے اور وہ مخالفین سے جا ملیں۔ ویسے ابھی تک ملک میں حکومت کی تبدیلی کیلئے ان ہاوس چینج کا تجربہ ہوا تو نہیں لیکن تجربے کا کیا ہے کسی بھی وقت کیا جاسکتا ہے۔