علی گیلانی کی بازیابی کیلئے بھی پر امید ہوں،یوسف رضا گیلانی

شائع 09 مارچ 2016 02:07pm

gilani

ملتان:سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ شہباز تاثیر کی بازیابی کے بعد وہ پرامید ہیں کہ ان کے بیٹے علی گیلانی بھی جلد بازیاب ہوجائیں گے۔

ملتان پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ شہباز تاثیر کی بازیابی پر وہ انکے اہلخانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،وہ پرامید ہیں کہ جلد ہی علی گیلانی بھی بخیروعافیت گھر آجائیں گے۔

یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ نیب اور عدلیہ نے سوائے ان کے آج تک کسی بڑے لیڈر کو سزا نہیں دی،این آر او سے آٹھ ہزار لوگوں نے فائدہ اٹھایا مگر سزا ان لوگوں کو ملی جو مستفید نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری رواں ماہ میں ہی پنجاب میں سیاست کا آغاز کردینگے جس کیلئے چھبیس مارچ کو رحیم یار خان اور ستائیس کو بہاولپور میں جلسہ کریں گے۔