فیصل آباد میں مزدوروں کا دھرنا چوتھے روز جاری

شائع 10 مارچ 2016 01:36pm

faisal

فیصل آباد:فیصل آباد میں پاورلومز فیکٹریوں کی بندش کے خلاف مزدوروں کا دھرنا چوتھے روز بھی جاری ہے،دھرنے میں شریک ڈنڈا بردار خواتین نے ڈی سی او آفس میں گھسنے کی کوشش کی۔

پاور لومز کے مزدور فیکٹریوں کی بندش کے خلاف بیوی بچوں سمیت ڈی سی او آفس کے باہر چوتھے روز بھی دھرنا دیئے بیٹھے ہیں، دھرنے میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہے جنہوں نے ہاتھوں میں ڈنڈے اٹھا رکھے ہیں،آج دھرنے میں شامل تین خواتین بے ہوش ہوئیں تو باقی مشتعل ہو گئیں جنہوں نے ڈی سی او آفس میں زبردستی گھسنے کی کوشش کی جس پر پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو پیچھے دھکیل دیا۔

مزدوروں کا کہنا تھا کہ مالکان مشینوں کی صفائی کا کام ان سے لینے پر بضد ہیں جبکہ انہیں اس کا معاوضہ بھی نہیں دیا جاتا، وہ کسی صورت مشینوں کی صفائی نہیں کریں گے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ چار روز گزرنے کے بعد بھی ابھی تک ان سے مذاکرات کرنے کے لیے کوئی نہیں آیا، وہ بھی اپنے مطالبات کی منظوری تک دھرنا ختم نہیں کریں گے۔