ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری

اپ ڈیٹ 11 مارچ 2016 03:32pm

raining
ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،بلوچستان میں طویل عرصے بعد ابر رحمت، انتظامیہ کی غفلت کے باعث زحمت بن گئی ہے.مختلف شہروں میں بارش کے باعث چھتیں گرنے اور ٹریفک حادثات میں آٹھ افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے ۔

بارش برسانے والا سسٹم تاحال ملک کے بیشتر حصوں پر موجود ہے، گزشتہ روز کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں موسلادھاربارش ہوئی یہ سلسلہ دوسرے روزبھی جاری ہے،ژوب میں شیرانی کے علاقے شناپونگہ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔

کوئٹہ میں سریاب کے علاقوں ماسٹر کالونی، نیو مسلم آباد میں زمین بیٹھنے سے کچے مکانات میں دراڑیں پڑگئیں،جبکہ دیگر علاقوں میں کچے مکانات کی دیواریں اور چھتیں گرنے کے واقعات پیش آئے،کوئٹہ میں صورتحال کو مانیٹر کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا میں پشاور مردان صوابی مانسہرہ ، ایبٹ آ باد، ہری پور، سوات سیدو شریف اورما لم جبہ میں گزشتہ رات سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے ، پی ڈی ایم اے نے ریڈ الرٹ جاری کر تے ہو ئے تمام اضلاع کے کمشنرز کو حفاظتی قدامات کر نے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔