خیبر پختونخوا اور فاٹا :بارش نے آٹھ جانیں لے لیں

شائع 12 مارچ 2016 05:04pm

rain

پشاور:خیبر پختونخوا اور فاٹا میں بارش نے تباہی مچادی۔مختلف حادثات میں چھ بچوں سمیت آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے۔چار خواتین سمیت چھبیس افراد زخمی بھی ہوئے۔ پنجاب اور بالائی علاقوں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

خیبرپختونخوا میں بارش نے تباہی مچادی، معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔کے پی کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کی وجہ سے حادثات رونما ہوئے۔خیبرایجنسی کے علاقے اکا خیل اور سورکس میں مکان کی چھتیں گرنے سے ایک خاتون اور تین بچے جاں بحق اور چار زخمی ہوئے۔ٹانک میں مکان کی چھت گرنے سے تیرہ سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا۔لکی مروت میں بھی بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی جس سے ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔مختلف حادثات میں دو بچے زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

تخت بھائی ،مردان ،مانسہرہ ،کوہستان اور دیر سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں مکانات کی چھتیں گرنے سے چھبیس سے زائد افراد زخمی ہوئے۔آزاد کشمیر میں بھی بارش کے باعث ایک مکان زمین بوس ہوگیا تاہم اس میں کوئی موجود نہیں تھا جس کی وجہ سے ہلاکتیں نہیں ہوئیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ہفتے کو گلگت بلتستان ،لاہور ،اسلام آباد اور سرگودھا سمیت مختلف شہروں میں بارش ہوئی،جس کی وجہ سے جاتی سردی پھر لوٹ آئی۔