تاپی منصوبہ سال دوہزار انیس تک مکمل ہوجائے گا، شاہد خاقان عباسی

شائع 13 مارچ 2016 08:09am

shahid

ملتان:وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا ہے کہ پچیس ارب ڈالر مالیت سے تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ تین سال میں مکمل ہوگا، شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں ایران سے گیس کی درامد کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔

وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت توانائی کی قلت پر قابو پانے کے لیے گیس کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے، اور اس سلسلے میں ایل این جی کی درآمد زیادہ بہتر اور موثر ہے، انہوں نے کہا کہ ایل این جی کی درآمد کے لیے مزید پانچ نئے ٹرمینلز تعمیر کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ سسٹم میں گیس ایل این جی آنے کے بعد فرٹیلائزر سیکٹر نے ایک بار پھر پیداواری سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ سال دوہزار انیس تک مکمل ہوجائے گا، جس پر بیس سے پچیس ارب ڈالر لاگت آئے گی۔ ایران سے بھی گیس پائپ لائن منصوبے پر بات چیت کو حتمی شکل جلد دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایل پی جی سیکٹر کو ڈی ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے صارفین کو فائدہ ہوگا۔