کراچی میں آج بھی تیز ہواؤں کے ساتھ مٹی کے طوفان کا خدشہ

اپ ڈیٹ 04 جون 2020 10:01am
فائل فوٹو

کراچی :محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آج بھی تیز ہواؤں کے ساتھ مٹی کے طوفان کا خدشہ ظاہر کردیا۔

 کراچی میں تیز ہواوں کے ساتھ مٹی کا طوفان آسکتا ہے، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا۔

 محکمہ موسمیات  کے مطابق مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک سے گزر رہا ہے، جس کے اثرات آج بھی شہر پر تیز ہواوں کی صورت میں پڑسکتے ہیں، طوفان ایک سے 2گھنٹے تک جاری  رہ سکتا ہے ۔

 شہر میں تیز ہواؤں کے جھکڑ دوبارہ چل سکتے ہیں، تیزہوائیں شمالی علاقوں کی طرف سے چل سکتی ہیں ،دوسری لہر میں شہر کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارش  کا بھی امکان ہے۔

 محکمہ موسمیات کا کہنا ہے اس وقت شہر میں 9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

 واضح رہے مغربی سسٹم اثر انداز ہونے سے  گزشتہ روز 60 سے 70 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں تھی، مٹی کے طوفان اٹھنے سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیاتھا۔