اقوام متحدہ کی رپورٹ سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کابیان مسترد
فائل فوٹواسلام آباد:پاکستان نے اقوام متحدہ کی رپورٹ سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو مسترد کردیا۔
ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی نے یو این رپورٹ سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ میں پاکستان میں محفوظ پناہ گاہوں کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا،افغان امن عمل پر بین الاقوامی برادری نے شکوک و شبہات کا اظہار نہیں کیا۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی وزارت خارجہ نے رپورٹ کو توڑمروڑ کر پاکستان پرالزامات لگائے، پاکستان ایسے عناصر کے متعلق پہلے ہی خبردار کر چکا ہے،اقوام متحدہ کی رپورٹ سے افغانستان میں بھارت کی ٹی ٹی پی کو حمایت ثابت ہو گئی، پاکستان بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیوں کی نشاندہی کر چکا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت افغان امن عمل کومتاثرکرنا چاہتا ہے، بھارت دہشتگردی کو پاکستان کیخلاف ریاستی پالیسی کے طور پر استعمال کر رہا ہے،اقوام متحدہ کی رپورٹ میں عالمی دہشتگردوں کے بھارت سے افغانستان سفر کرنے کا ذکر کیا گیا ہے۔
عائشہ فاروقی نے کہا کہ دہشتگردی کے متعدد بھارتی سہولت کاروں کو اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ طویل عرصہ سے بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں،آر ایس ایس نظریات کی حامل بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں ظالمانہ لاک ڈائون کر رکھا ہے۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔