بھارتی افواج کے ہاتھوں 9کشمیریوں کی شہادت ظلم کی انتہا ہے،وزیراطلاعات

اپ ڈیٹ 09 جون 2020 09:21am
فائل فوٹو

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ بھارت کا انتہا پسند چہرہ دنیا پر بے نقاب ہو چکا ہے، قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں 9کشمیریوں کی شہادت ظلم کی انتہا ہے ۔

وزیراطلاعات شبلی فرازکا اپنے ایک ٹویٹ میں کہنا تھا کہ قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں 9کشمیری نوجوانوں کی شہادت ظلم کی انتہا ہے ،اپنے جمہوری حق کیلئے سراپا احتجاج نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنز، آنسو گیس اوردیگرمظالم انسانیت کے خلاف بھارتی جرائم کا منہ بولتا ثبوت ہیں جس کا اقوام عالم کوہر صورت نوٹس لینا ہوگا۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ بھارت جبرواستبدادسے کشمیریوں کے خود ارادیت کے حق کی عظیم جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتا، کشمیری اپنی منزل حاصل کرکے رہیں گے۔

 سینیٹرشبلی فرازنے مزید کہا کہ دنیا کورونا وباء سے برسر پیکارہے تودوسری جانب بھارت مظلوموں پرستم ڈھا کربنیادی انسانی حقوق روند رہا ہے، بھارت کا انتہا پسند چہرہ دنیا پر بے نقاب ہو چکاہے۔