Aaj News

ہفتہ, اپريل 20, 2024  
11 Shawwal 1445  

'اربن فلڈ کی پیشگوئی ہے،سندھ حکومت فنڈز جاری کرے'

شائع 20 جون 2020 01:30pm
میئر کراچی وسیم اختر- فائل فوٹو

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق مون سون کی بارشوں کا سلسلہ کسی بھی دن شروع ہونے والا ہے۔حکومت سندھ نے اب تک برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے کوئی رقم کے ایم سی کو نہیں دی۔ نالوں کی صفائی فوری شروع نہیں کی گئی تو کراچی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے جس کی ذمے داری وزیراعلی سندھ پر ہوگی۔

فریئر ہال کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میئر وسیم اختر کا  کہنا تھا این ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں اربن فلڈ آسکتا ہے۔ مون سون  کی بارشوں سے قبل فوری طورپر برساتی نالے صاف کئے جائیں۔

 ان کا کہنا تھا مون سون کی بارشوں کا سلسلہ کسی بھی دن شروع  ہونے والا ہے۔ پیشگوئی ہے کہ کراچی میں معمول سے زیادہ بارشیں  ہونگیں کراچی کے نالوں کی صفائی اب تک شروع نہیں ہوسکی۔

 وسیم اختر نے کہا کے ایم سی کے پاس نالوں کی صفائی کیلئے فنڈز نہیں ہیں۔حکومت سندھ نے 2016 میں نالوں کی صفائی کےلئے437 ملین روپے جاری کئے تھے۔

 ان کا کہنا تھا اس کے بعد واٹر کمیشن کے حکم پر نالوں کی صفائی کےلئے سال  2017 اور 2018 میں 500 ملین روپے جاری کئے تھے۔ جون 2018 کے بعد سے اب تک برساتی نالوں کی صفائی نہیں ہوئی ہے۔

 انہوں نے کہا کے ایم سی فنڈز نہ ہونے کے باعث کراچی کے برساتی نالوں  کی صفائی نہیں کرسکے گی۔حکومت سندھ سے درخواست ہے وہ اس  سلسلے میں فوری فنڈز جاری کریں تاکہ کراچی کے شہری کسی بھی  ممکنہ اربن فلڈ سے بچ سکیں۔

 میئر وسیم اختر کا کہنا تھا این ڈی ایم اے وارننگ جاری کرچکی ہے برساتی نالوں کی صفائی فوری شروع نہیں کی گئی تو کراچی کو ناقابل  تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ صفائی کے لئے کے ایم سی کو فنڈ جاری  نہیں کئے گئے تو تمام ذمہ داری حکومت سندھ کی ہوگی۔

وسیم اختر نے کہا سالانہ ترقیاتی فنڈز کی مد میں گزشتہ 4 سالوں میں پوری رقم جاری نہیں کی گئی۔ کراچی کے 38 بڑے نالوں کی فہرست حکومت سندھ کو دی ہے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div