ایمنسٹی اسکیم پر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت ہوگی،جام خان شورو

شائع 14 مارچ 2016 05:15pm

jam

کراچی:ایمنسٹی کو این آر او سمجھتا ہوں، بلڈرز کے لئے ایمنسٹی اسکیم پر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت ہوگی، وزیر بلدیات جام خان شورو نے الاٹمنٹ پر عائد پابندی ہٹانے کے لئے عدالت سے درخواست کردی۔

ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز میں تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہا کہ جب الاٹمنٹ پر پابندی لگتی ہے تو کچی آبادیاں وجود میں آتی ہیں، آباد کے لئے بھی وہی اصول ہونا چاہئیں جو کنٹومنٹ بورڈ کے لئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بعض بلڈرز کی جانب سے اضافی چارجز وصول کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں، بلڈرز تعمیراتی کام بروقت مکمل کریں، ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ایمنسٹی اسکیم کو این آر او سمجھتا ہوں، بلڈرز کے لئے ایمنسٹی اسکیم لانے کے لئے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بہتری کے لئے تمام مشینیں تبدیل کی جارہی ہیں، کے فور منصوبے کا افتتاح جلد کیا جائے گا۔ تقریب میں کراچی کنٹرول بلڈنگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل آغا مقصود عباس، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ایم ڈی مصباح الدین فرید اور ایڈمنسٹریٹر کراچی روشن علی شیخ سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔