ملتان:این اے 153کا ضمنی الیکشن آج ہوگا

شائع 17 مارچ 2016 04:44am

polling000000000000

ملتان :ملتان کے علاقے جلال پور پیر والا میں این اے ایک سو ترپن کا ضمنی الیکشن آج ہوگا۔ پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی سامان پہنچایا جاچکا ہے جبکہ سیکیو رٹی انتظامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سو ترپن میں آج ہونے والے ضمنی الیکشن کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

انتخابی سامان بھی جلال پور پیر والا کے پولنگ اسٹیشنز پر پہنچا دیا گیا ہے پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوچکی ہے اور بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔

حلقے میں کل دو سو چھہتر پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں،الیکشن کیلئے دو سو چھہتر پریذائیڈنگ افسر، آٹھ سو چون اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسر جبکہ آٹھ سو چون پولنگ افسران فرائض سرانجام دیں گے۔

تین لاکھ اناسی ہزار نو سو تریسٹھ ووٹرز آج حق رائے دہی استعمال کریں گے۔مسلم لیگ نون کے رانا قاسم نون،تحریک انصاف کے ملک غلام عباس اور پیپلز پارٹی کے ملک اکرم کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

قومی اسمبلی کی یہ نشست مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر منتخب ہونے والے دیوان عاشق حسین بخاری کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔