لاہور:سیکیورٹی اداروں کی کارروائی،5دہشتگردہلاک

شائع 30 مارچ 2016 04:45am

police-operation00000000

لاہو :لاہور میں رائیونڈ روڈ پر سیکیورٹی اداروں کی کارروائی میں پانچ دہشتگرد ہلاک ہوگئے،اسلحہ اور دھماکا خیزمواد برآمد کرلیا گیا جبکہ سیالکوٹ میں پچیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے رات گئے لاہور میں تخریب کاری کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنادیا،سیکیورٹی اداروں نے خفیہ اطلاع پر رائیونڈ روڈ پر کارروائی کی،دہشتگردوں نے اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی، فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشتگرد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک دہشتگرد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جو کچھ دیر بعد دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک دہشتگردوں میں سے تین کی شناخت خان وحید، ناصر اقبال اور جنید ظہور کے نام سے ہوگئی ہے، خان وحید کا تعلق پشاور، ناصراقبال کا شرقپور اور جنید ظہور کا ایبٹ آباد سے ہے۔

دہشتگردوں سے برآمد ہونے والے اسلحے میں دو کلاشنکوف، دس دستی بم اور آٹھ ٹائمز ڈیوائس شامل ہیں، پولیس کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا۔پولیس کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا گیا۔

دوسری جانب پنجاب کے علاقے سیالکوٹ میں پولیس نے کارروائی کرکے پچیس افراد کو حراست میں لے لیا ہے، زیرحراست افراد سے تفتیش جاری ہے۔