پشاور: نوادرات چوری کے معاملے کی تحقیقات شروع

شائع 30 مارچ 2016 07:39am

antique000000000

پشاور:انتظامیہ نے آج نیوز کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے پشاور عجائب گھر میں نوادرات کی چوری کے معاملے میں تحقیقات شروع کردیں ،ٹیم نے نوادرات تحویل میں لے کر میوزیم کو سیل کردیا،تحقیقاتی ٹیم نوادرات کی پندرہ دنوں میں جانچ پڑتال کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق آج نیوز نے پچیس مارچ کو پشاورعجائب گھر میں اصلی نوادرات کی چوری کی خبر نشر کی تھی جس پر انتظامیہ نے ایکشن لیتے ہوئے اسلام آباد سے تحقیقاتی ٹیم کو بلایا گیا تھا۔ تحقیقاتی ٹیم نے عجائب گھر کے نوادرات اپنی تحویل میں لے کر میوزیم کو سیل کر دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈائریکٹر نیشنل میوزیم اور دو ریسرچ افسران پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم نے نوادرات کی جانچ پڑتال کے لئے پندرہ دنوں کا وقت مانگ لیا ہے۔

تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے عجائب گھر کا تمام ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ گندھارا، بدھ مت اور مغل تہذیب سمیت دیگر تہذیبوں کے نوادرات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ اس کے علاوہ تحقیقاتی ٹیم نادر سکوں کی جانچ پڑتال بھی کرے گی۔