کراچی:مرغی کے گوشت کی قیمت میں ہوش ربااضافہ

شائع 31 مارچ 2016 05:16am

chiken

کراچی :کراچی میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ ہوگیا ہے، سرکاری لسٹ پر گوشت کی فی کلو قیمت دوسوتیس روپے ہے لیکن مارکیٹ میں یہ تین سوبیس روپے سے کم پر دستیاب نہیں، عوام پریشان ہیں، جبکہ دکاندار کہتے ہیں سرکاری قیمت تو ان کی اپنی خرید نہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوگیا،چند دنوں میں مرغی کے فی کلو گوشت پر سوروپے بڑھا دیئے گئے ہیں جس پر عوام بھی تلملا گئے ہیں،تاہم انتظامیہ شاید صرف پرائس لسٹ جاری کرنا ہی اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے۔جس پر فی کلو گوشت کی قیمت تو دو سو تیس روپے درج ہے لیکن یہ تین سو بیس روپے روپے فی کلو سے کم پر کہیں دستیاب نہیں ہے۔

گوشت، سبزی، دودھ اور دیگر اشیاءخورونوش کی قیمتوں میں جو جب چاہتا ہے اپنی مرضی سے اضافہ کردیتا ہے،لیکن انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی، آخر عوام فریاد کریں تو کس سے کریں۔