اسلام آباد میں مزید سیکٹرز کو سیل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد:کورونامتاثرین کی تعداد میں اضافے کے خطرے کے پیش نظر...
شائع 23 جون 2020 09:33am

اسلام آباد:کورونامتاثرین کی تعداد میں اضافے کے خطرے کے پیش نظر اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں مزید سیکٹرز کو سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا،اطلاق 24 جون کی شام 7بجے سے ہو گا۔

اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے سیکٹر جی 6ون اور 2، جی ٹین 4اور جی سیون ٹو میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا پلان تیار کرلیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکٹرز کو لاک ڈاؤن کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ان سیکٹرز کو 24 جون کی شام 7 بجے سیل کر دیا جائے گا، ان علاقوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر کیا گیا۔

اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران میڈکل اور کریانہ اسٹورز کھلے رہیں گے۔

ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ایک ہفتے کے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے حوصلہ افزا نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں، اور جی نائن سیکٹر میں نئے کیسز میں تقریباً 50 سے 60 فیصد کمی آئی ہے۔