اسلام آباد میں طوفانی بارش، درخت گرنے سے کئی گاڑیوں کو نقصان

اسلام آباد میں طوفانی بارش کے باعث درخت گرنے سے کئی گاڑیوں کو...
شائع 24 جون 2020 09:15am

اسلام آباد میں طوفانی بارش کے باعث درخت گرنے سے کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ، اسلام آباد ایئر پورٹ پر سیلنگ نیچے جا گری جبکہ لاؤنج میں شیشے کا گیٹ بھی ٹوٹ گیا۔

اسلام آباد میں دن بھر سورج نے آگ برسائی ،دن کے تیسرے پہر کہیں کہیں بادل چھائے ، شام ڈھلتے ہیں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش نے گرمی سے گرمی کا زور ٹوٹا تو ساتھ ہی طوفانی ہوائیں بھی چلیں ۔

مارگلہ کی پہاڑیوں ہر بنے ٹریک پردرخت تیز ہواؤں سے گرے ،جس سے کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ۔

آندھی نے سول ایوی ایشن کا پول بھی کھول دیا ، اسلام آباد ایئرپورٹ کو تیز ہواؤں اور آندھی سے نقصان پہنچا ، ناقص میٹریل سےبنی سیلنگ نیچے جاگری اور لاؤنج میں شیشے سے بنا گیٹ بھی ٹوٹ گیا ۔

طوفانی ہواؤں سےمسافروں کو جہازتک پہنچانے والے برج کو بھی نقصان پہنچا ،ایئرپورٹ کی پارکنگ میں لگا موبائل ٹاور بھی تیز ہواؤں کا زور برداشت نہ کرسکا ۔

ذرائع کے مطابق پارکنگ کے قریب لگا موبائل ٹاور نیچے جاگرا ، حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔

دوسری جانب لاہور میں بادل برسے تو موسم خوش گوار ہوگیا،بھکر میں تیز ہوا اور برسات کے باعث گرمی رفو چکر ہوگئی۔