Aaj News

جمعرات, اپريل 25, 2024  
16 Shawwal 1445  

پاکستان میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین رہیں یا جائیں؟ ایک دن باقی رہ گیا

پاکستان میں رہائش پذیر افغان پناہ گزینوں کے مزید قیام کے لیے...
شائع 30 جون 2020 01:31pm

پاکستان میں رہائش پذیر افغان پناہ گزینوں کے مزید قیام کے لیے اقوام متحدہ کا ادارہ برائے مہاجرین یو این ایچ سی آر متحرک ہوگیا ہے۔

پاکستان میں یو این ایچ سی آر کے ترجمان پُرامید ہیں کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام کے لیے حکومت مزید ایک سال کی توسیع دے گی۔

ترجمان یو این ایچ سی آر قیصر آفریدی کا کہنا ہے کہ، 'ہم پرامید ہیں کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان رجسٹرڈ مہاجرین کے قیام میں توسیع کرے گا۔'

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے پاس اس وقت چودہ لاکھ افغان مہاجرین رجسٹرڈ ہیں۔ تاہم کورونا وائرس کی وبا کے سبب افغان مہاجرین کی رضا کارانہ واپسی کا پروگرام گزشتہ چار ماہ سے ملتوی کیا گیا ہے۔

اس بارے میں آفریدی کا مزید کہنا ہے کہ کورونا کے ساتھ ساتھ سرحد کی صورتحال بھی مانیٹر کی جا رہی ہے اور حالات سازگار ہوتے ہی رضاکارانہ واپسی کا پروگرام بحال کیا جائے گا۔

ان کے بقول، 'رجسٹرڈ مہاجرین کی رضاکارانہ واپسی پر ادارے کی جانب سے انہیں دو ہزار ڈالر امداد دی جاتی ہے۔'

پاکستان میں رہائش پذیر افغان مہاجرین کی تین کیٹیگریز ہیں جن میں چودہ لاکھ یو این ایچ سی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔

دوسری کیٹگری کو پاکستان نے افغان سٹیزن کارڈ جاری کیے ہیں اور ان کی تعداد آٹھ لاکھ اسی ہزار بتائی جاتی ہے۔ ان کی رجسٹریشن سال 2017 میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کی گئی تھی۔

اس کے علاوہ تیسری کیٹگری میں ایسے مہاجرین ہیں جن کے پاس "افغان سٹیزن کارڈ" اور "پروف آف رجسٹریشن" موجود نہیں ہیں۔ ایسے افراد کی تعداد پانچ لاکھ ہے۔

یو این ایچ سی آر ہر سال یکم دسمبر سے اٹھائیس مارچ تک ر‌ضاکارانہ واپسی کا پروگرام بند کرتا ہے۔ تاہم رواں سال کے دوران جب دو مارچ کو واپسی کا پروگرام شروع ہوا تو اسے کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے بند کردیا گیا۔

افغان مہاجر کیمپوں میں رہائش پذیر افغان مہاجرین کئی ماہ سے متعدد مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ مثلاﹰ بے روزگاری، کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لیے صحت کی عدم سہولیات اور اشیائے خورد و نوش کی قلت۔ ان مسائل کے پیش نظر افغان مہاجرین کے ایک وفد نے پشاور میں سابق وزیر داخلہ اور قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ سے ملاقات کی۔

اس موقع پر آفتاب شیرپاؤ نے کہا، 'وقت کا تقاضا ہے کہ حکومت پاکستان یہاں رہائش پذیر افغان مہاجرین کو تمام تر سہولیات فراہم کرے اور انہیں احساس پروگرام میں شامل کرکے نقد مالی معاونت کے ساتھ ساتھ بیماریوں کا سامنا کرنے والے افراد کو صحت کی سہولیات فراہم کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد حکومت کو چاہیے کہ افغانستان کے ساتھ آمد و رفت کے تمام راستے کھولے جائیں اور افغانستان میں قیام امن کے سلسلے میں مؤثر کردار ادا کیا جائے۔

شیرپاؤ کے بقول، 'افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں بھی ترقی اور امن قائم ہوگا ۔'

پاکستان نے حال ہی میں افغانستان کے ساتھ منسلک تین بارڈرز کھولے ہیں جبکہ ہفتے میں ایک دن پیدل جانے والے افغان باشندوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div