'بھارت خطے کے امن و استحکام کو متاثر کر رہا ہے'

ترجمان نے کہا کہ پانچ اگست کے بعد ڈومیسائل کا غیر کشمیریوں کو اجرا مقبوضہ کشمیر میں آبادی میں تناسب کی بھارتی کوششوں کا دوسرا مرحلہ ہے۔
شائع 16 جولائ 2020 06:47pm
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی- فائل فوٹو
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی- فائل فوٹو

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نےکہا ہے کہ پاکستان نے کشمیر کے حوالے سے ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے۔ کلبھوشن یادیو کے حوالے سے نظرثانی پٹیشن فائل کرنے کی مدت 60 روز ہے امید ہے بھارت اس حوالے سے پاکستان سے تعاون کرے گا۔کرتارپور راہداری سکھ یاتریوں کی آمدورفت کےلئے کھولا ہے تاہم کرونا کی وجہ سے بین الاقوامی یاتریوں کو روکا ہے۔ زائرین کے محرم میں ایران جانے کے حوالے سے وزارتِ مذہبی امور حکمت عملی مرتب کر رہی ہے۔

صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں بربریت کے معاملے کو ہر فورم پر اجاگر کیا ہے۔بھارت خطے کے امن میں رکاوٹ ہے ۔بھارت خطے کے امن و استحکام کو متاثر کر رہا ہے۔بھارت کی اصل نیت جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب میں تبدیلی کی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پانچ اگست کے بعد ڈومیسائل کا غیر کشمیریوں کو اجرا مقبوضہ کشمیر میں آبادی میں تناسب کی بھارتی کوششوں کا دوسرا مرحلہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا۔کلبھوشن نے تحقیقات میں پاکستان میں تخریب کارانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے کمانڈر یادیو کے حوالے سے نظر ثانی پٹیشن فائل کرنے کی مدت 60 روز ہے امید ہے بھارت اس حوالے سے پاکستان سے تعاون کرے گا۔

ترجمان نے کہا کہ کرونا وباء کے باعث بین الاقوامی سکھ یاتریوں کو کرتارپود صاحب سے روکا گیا ہے حالات بہتر ہوتے ہی ان کی آمدورفت دوبارہ شروع ہو جائے گی۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کو نمازِ جمعہ اور عید کی اجازت نہ دینا اس کی تنگ سوچ کا عکاس ہے۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ افغانستان میں مستقل امن و استحکام کےلئےپاکستان امن عمل کی حمایت کرتا ہے اور اس حوالے سے سہولت کاری جاری رکھے گا۔2010 سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ کا معاہدہ ہے۔ افغان ٹرک پاکستانی سرحد سے گزر کر آگے جائیں گے۔

عائشہ فاروقی نے نواز شریف کے سمن بھیجنے کے حوالے سے کہا کہ قانون کے مطابق وزارتِ خارجہ سے رابطہ کیا گیا اور ہمیں لندن ہائی کمیشن کے ذریعے نواز شریف کیس میں نوٹس بھجوانے کا کہا گیا جس پر عملدرآمد کیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان بچوں کی حوالگی کے حوالے سے معاہدہ ہوا ہے ۔ پاکستان کا ہانگ کانگ پر اصولی مؤقف ہے ہانگ کانگ چین کا حصہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ چاہ بہارکےحوالے سے رپورٹس دیکھی ہیں ہم دو ممالک کے اندرونی معاملات پرتبصرہ نہیں کرتے۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ محرم میں زائرین کے ایران جانے کے حوالے سے وزارتِ مذہبی امور حکمت عملی مرتب کر رہی ہے۔