آزاد کشمیر ہائیکورٹ کے 5ججز فارغ،تقرری غیر قانونی قرار
مظفرآباد:آزاد کشمیر ہائیکورٹ کے ججز کی تقرری سے متعلق بڑی عدالت نے بڑا فیصلہ سنادیا،آزاد کشمیر سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کے 5ججز کو فارغ کردیا جبکہ ججز کی تقرری بھی غیرقانونی قرار دے دی۔
آزادجموں وکشمیر سپریم کورٹ کے قائمقام چیف جسٹس راجہ سعید اکرم اور جسٹس مصطفیٰ مغل نے ہائیکورٹ کےججز تقرری کیس کا فیصلہ سنادیا ۔
عدالت نے آزاد کشمیر ہائیکورٹ کے 5ججز کی تقرری کو غیر آئینی اور غیرقانونی قراردے کر جسٹس راجہ سجاد، جسٹس رضاعلی خان، جسٹس خالد یوسف، جسٹس سردار اعجازاور جسٹس چوہدری منیر کو جج کے عہدوں سے فارغ کردیا ۔
عدالت عظمیٰ نے ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل کی سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا ۔
درخواست گزار شاہد بہار ایڈووکیٹ اور ان کے ساتھی وکلا ءکا یہ مؤقف تھا کہ ججز کیلئے وکلاء کےناموں پر مشتمل پینل میں شامل بعض ناموں سے چیف جسٹس سپریم کورٹ اور بعض ناموں پر چیف جسٹس ہائیکورٹ نے اتفاق نہیں کیا جوآئین اور قانون کے سراسر منافی ہے ۔
ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں 4ججز کی تقرری کوقانونی اور ایک جج کی تقرری کو غیر قانونی قرار دے رکھا تھا جبکہ سپریم کورٹ نے پانچوں ججوں کی تقرری غیر قانونی دےکرججز تقرری کیس نمٹادیا۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔