ملک میں پولیو مہم کا آج سے دوبارہ سے آغاز

اسلام آباد:ملک میں پولیو مہم کا آج سے دوبارہ سے آغاز ہوگیا، آج...
شائع 20 جولائ 2020 10:17am

اسلام آباد:ملک میں پولیو مہم کا آج سے دوبارہ سے آغاز ہوگیا، آج سے شروع ہونے والی مہم کے دوران مخصوص علاقوں میں 8 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔

پولیو مہم کو کورونا وائرس کے باعث 4 ماہ قبل معطل کر دیا گیا تھا، جو آج سے دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔

ترجمان انسداد پولیو مہم کے مطابق کورونا پھیلاؤ کے پیش نظر پولیو مہم بُری طرح متاثر ہوئی، پولیو مہم کا آغاز مخصوص اضلاع میں ہی کیا جائے گا۔

پہلے مرحلے میں فیصل آباد، اٹک، جنوبی وزیرستان، کراچی اور کوئٹہ کے کچھ علاقے شامل ہوں گے، مہم میں 5 سال سے کم عمر کے 8 لاکھ بچوں کو پولیو قطرے پلائے جائیں گے۔

ترجمان انسداد پولیو مہم کا کہنا ہے کہ رہ جانے والے بچوں کیلئے الگ مہم شروع کی جائے گی، ملک بھر میں رواں سال پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 60 ہوچکی ہے۔