کراچی میں3فیکٹریوں میں لگنےوالی آگ17گھنٹے بعد بھی بجھائی نہ جاسکی

کراچی کے علاقے لانڈھی میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں 3فیکٹریوں...
شائع 20 جولائ 2020 11:01am

کراچی کے علاقے لانڈھی میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں 3فیکٹریوں میں لگنے والی آگ 17 گھنٹے گزرنے بعد بھی بجھائی نہ جاسکی، آگ سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر تباہ ہوگیاتاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

کراچی کے علاقے لانڈھی میں قائم ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں گزشتہ شام 6 بجے سے 3فیکٹریوں میں لگنے والی لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔

لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں قائم گتے کی فیکٹری میں آگ لگی جس کے بعد آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے اطراف میں قائم پلاسٹک اور کپڑے کی فیکٹریوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔

آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا گیا،آگ لگنے کے وقت فیکٹریوں میں ملازمین موجود تھے جنہیں باحفاظت باہر نکال لیا گیا ۔

فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور پاک بحریہ کی ٹیم بھی تیسرے درجے کی آگ بجھانے کیلئے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

فیکٹریوں میں کام کرنے والے ملازمین نے آج نیوز سے گفتگو کرتےہوئے بتایا کہ آگ نے بڑی تیزی سے پھیلنا شروع کیا اور اطراف میں موجود دو فیکٹریوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا ۔

آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، امدادی ادارے، پولیس، رینجرز سمیت پاک بحریہ کی ٹیم بھی متاثرہ فیکٹری پر پہنچ گئی اور فیکٹریوں میں موجود تمام لوگوں کو بحفاظت باہر نکال کر آگ بجھانے کا عمل شروع کیا، آگ میں شدت ہونے کے باعث فیکٹریوں کی دیواریں بھی کمزور ہونا شروع ہوگئی ہیں۔

فیکٹریوں میں لگی آگ کو 17 گھنٹے گزر جانے بعد بھی مکمل طورپر قابو نہیں پایا جاسکا ہے، آگ پر 12واٹر باوزر، 12 فائر ٹینڈرز اور اسنارکل کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوشش جاری ہے ۔