قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس آج ، گرما گرم بحث متوقع

اسلام آباد:قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس آج ہو رہے ہیں، دونوں...
اپ ڈیٹ 20 جولائ 2020 12:29pm

اسلام آباد:قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس آج ہو رہے ہیں، دونوں ایوانوں کیلئے 18 ، 18 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ، کابینہ میں شامل شخصیات کی دہری شہریت کے معاملے سمیت دیگر عوامی نوعیت کے امور پر گرما گرم بحث متوقع ہے ۔

قومی اسمبلی کا اجلاس 2دن کے وقفہ کے بعد آج سہ پہر 4 بجے منعقد ہوگا،اجلاس کا 18 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا.

سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر 55 سال کرنے، ان کی سالانہ انکریمنٹ ختم کرنے اور ملک میں کورونا ٹسٹو ں کی تعداد میں کمی کئے جانے سے پیدا شدہ عوامی تشویش پر توجہ دلاؤ نوٹس بھی ایجنڈا میں شامل ہیں۔ انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 میں ترمیم، اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل ایکٹ 1948 میں ترمیم کا بل بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

قومی اسمبلی سے پاس کردہ 4 بل سینیٹ سے پاس نہ ہونے پر ان بلوں کو مشترکہ اجلاس میں بھیجنے کی ایوان سے منظوری لی جائے گی۔

سینیٹ کا اجلاس بھی آج 4بجے ہوگا ، دونوں ایوانوں میں حکومت کی نجکاری پالیسی پر بھی بحث کی جائے گی جبکہ معاونین خصوصی کی دہری شہریت کا معاملہ بھی گرماگرم انداز میں اٹھائے جانے کا امکان ہے۔