نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس:احسن اقبال کیخلاف نیب ریفرنس تیار

اسلام آباد:نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں سابق وزیر داخلہ ...
اپ ڈیٹ 20 جولائ 2020 03:38pm

اسلام آباد:نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے رہنماءاحسن اقبال کیخلاف نیب ریفرنس تیار کرلیاگیاجبکہ نیب تفتیشی ٹیم نے احسن اقبال کو مرکزی ملزم نامزد کردیا ہے ۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نارووال اسپورٹس سٹی اسکینڈل کیس کی سماعت کی ،سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کے جونیئر وکیل سکندر اعجاز عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

نیب نے احتساب عدالت سے ایک مرتبہ پھر ریفرنس دائر کرنے کلئے مزید وقت کی استدعا کی۔

نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ریفرنس پراسس میں ہے کچھ وقت دیا جائے،جس پر عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 26 اگست تک ملتوی کر دی۔

دوسری جانب نیب تفتیشی ٹیم نے کرپشن ریفرنس میں احسن اقبال کو مرکزی ملزم نامزد کرتے ہوئے ریفرنس تیار کر لیا ہے ۔

نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن ریفرنس منظوری کیلئے چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کو ارسال کردیا گیا۔

نیب کے مطابق احسن اقبال نیب آرڈیننس کی دفعہ 9 کے تحت کرپشن کے مرتکب ہوئے، ان کیخلاف کرپشن میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

نیب کی جانب سے کہا گیا کہ احسن اقبال نے منصوبے کا اسکوپ بڑھا کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا، احسن اقبال نے صوبائی حکومت کے منصوبے کو ہائی جیک کرکے اضافی فنڈز خرچ کئےاوربطور وزیر منصوبہ بندی تمام قوانین کو جان بوجھ کر توڑا، تفیشی رپورٹ پر نیب ایگزیکٹو بورڈ ریفرنس سے متعلق فیصلہ کرے گا ۔