نیپرا نے کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا ذمہ دار کےالیکٹرک کو قرار دےدیا

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے کراچی میں بجلی کی...
شائع 21 جولائ 2020 11:09am

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا ذمہ دار کےالیکٹرک کو قرار دے دیا، کےالیکٹرک نے لائسنس کی خلاف ورزی کی، لائسنس کے تحت کےالیکٹرک بلاتعطل بجلی فراہم کرنے کی پابند ہے، پاورپلانٹس کو تیل کی عدم فراہمی صارفین کی ذمہ داری نہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین توصیف ایچ فاروقی کی سربراہی میں اتھارٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں تحقیقاتی ٹیم نے کراچی میں لوڈشیڈنگ پر مبنی اپنی رپورٹ جمع کروادی ہے۔ ڈی جی مانیٹرنگ اینڈ انفورسمنٹ کی سربراہی میں قائم نیپرا ٹیم نے 4 روز تک انکوائری کی۔ تحقیقات کے دوران ٹیم ممبران نے کےالیکٹرک کے صارفین سے بھی ملاقات کی تھی۔

جس میں بجلی پیداوار اور لوڈشیڈنگ کا ڈیٹا حاصل کیا۔ نیپرا کی تحقیقاتی رپورٹ میں کراچی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا ذمہ دار کےالیکٹرک کو ٹھہرایا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی تقسیم کارکمپنی کےالیکٹرک نے کمپنی لائسنس کی خلاف ورزی کی ہے۔ لائسنس کے تحت کےالیکٹرک بلاتعطل بجلی فراہم کرنے کی پابند ہے، پاورپلانٹس کو تیل کی عدم فراہمی صارفین کی ذمہ داری نہیں۔ دوسری جانب محکمہ توانائی حکومت سندھ کی جانب سے آج بعض اخبارات میں شائع ہونے والی ایک خبر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت نے آج تک کے الیکٹرک کے ساتھ کسی قسم کا کوئی بھی معاہدہ نہیں کیا۔

وضاحت میں مزید کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کے ساتھ کئے گئے تمام معاہدے وفاقی حکومت کی جانب سے کئے گئے اور یہ کہ وفاقی حکومت ہی کے الیکٹرک کے 27 فیصد حصص کی حصہ دار بھی ہے جبکہ سندھ حکومت کے الیکٹرک کے ساتھ کئے گئے کسی معاہدے میں قطعاً فریق نہیں ہے۔